بھٹکل:05؍دسمبر(ایس اؤ نیوز)قومی شاہراہ فورلین کی تعمیر جاری رہتے تعلقہ کے مٹھلی اور موڈ بھٹکل علاقے میں کئی مسائل پیدا ہوئے ہیں۔ مسائل کے حل کو لے کر افسران اور عوامی نمائندوں کی توجہ راغب کرنے کے لئے منکولی اور ماروتی نگر ترقی کمیٹی کی قیادت میں عوامی میٹنگ کا انعقاد ہوا۔
قومی شاہراہ متصل زرعی زمین فورلین تعمیراتی کاموں کی وجہ سے پوری طرح برباد ہوگئی ہے، زرعی زمین پر پانی جمع رہنے سے زمین زراعت کے قابل ہی نہیں رہی۔ کنکشن کٹ ہوجانے سے زرعی زمین کی سیرابی ناممکن ہوگئی ہے، موڈبھٹکل کے قریب تعمیر کیاگیا برج غیر سائنٹفک ہے۔ یہاں ایک وسیع انڈر پاس کی سخت ضرور ت ہے، لیکن ہائی وے اتھارٹی کے افسران اس تعلق سے کوئی واضح جانکاری دئیے بغیر عوام کو اندھیرے میں رکھے ہوئے ہیں۔ میٹنگ میں کسانوں نے اپنا دکھڑا سناتے ہوئے کہاکہ اپنے کھیتوں کی حفاظت کے لئے موڈبھٹکل سے لےکر شمس الدین سرکل تک شاہراہ کنارے پر پانی بہاؤ کے لئے گہری گھٹر کی تعمیر لازمی ہے ورنہ ہم کہیں کے نہیں رہیں گے۔ ان تمام مسائل کی طرف افسران اور عوامی نمائندوں کی توجہ کو راغب کرنے کے لئے 8دسمبر کی صبح مختلف تنظیموں ، اداروں اورعوام کے تعاون سے متعلقہ علاقوں میں خودخدمت انجام دینے کا فیصلہ لیا گیا۔ منکولی اور ماروتی نگرترقی کمیٹی کے صدر ستیش کمار، جنرل سکریٹری ناگراج نائک، رام ناتھ بلیگار، وینکٹیش نائک، شنیار نائک، مادیو نائک وغیرہ موجود تھے۔